چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا ابراہیم حیدری ملیر میں بی آئی ایس پی ادائیگی مرکز کا دورہ

105
Chairperson BISP
Chairperson BISP

اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے منگل کو ابراہیم حیدری ملیر میں بی آئی ایس پی ادائیگی مرکز کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ادائیگی مرکز میں کفالت وظائف وصول کرنے کیلئے آنے والی خواتین کو در پیش مسائل اور انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ترقی نسواں شاہینہ شیر علی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے ادائیگی مرکز پر بینک عملے اور ڈیوائسز کی کمی کا سختی سے نوٹس لیا اور اس کمی کوآئندہ روز تک مکمل کرنے کے احکامات دیئے تاکہ غریب خواتین کو رقم وصولی کے دوران زیادہ دیر تک قطاروں میں انتظار نہ کرنا پڑے۔چیئرپرسن روبینہ خالد نے مستحق خواتین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میرے یہاں آنے کا مقصد آپ سے بات چیت کرنا اور آپ کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 8171 بی آئی ایس پی کا سرکاری نمبر ہے ،اس کے علاوہ کسی دوسرے نمبر سے آنے والے پیغام فراڈ ہے۔انہوں نے خواتین کو تاکید کی کہ وہ اپنی رقم پوری گن کر وصول کریں اور کٹوتی کی صورت میں فوری طورپر شکایت کریں۔سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی عملے کو غریب خواتین کو شفاف اور باعزت طریقے سے ادائیگی کرنے کی ہدایت دی۔ علاقے سے ممبر سنده اسمبلی محمود جاموٹ بھی موجود تھے۔