چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن کا پونچھ کا دورہ ، ایل او سی پر شہدا کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار

166
APP32-11 RAWALAKOT: July 11 - Minister of State/Chairperson BISP, Ms. Marvi Memon offering Fateha with the families of martyred as a result of Indian firing across LOC. APP

چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن کا پونچھ کا دورہ ، ایل او سی پر شہدا کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار ۔ بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی

اسلام آباد ۔ 11 جولائی (اے پی پی) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ہدایات پر منگل کو پونچھ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایل او سی پر شہداءکے خاندانوں کے ساتھ تعزیت کی اور بھارتی فائرنگ کے نتیجہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ انہوں نے چھتر تحصیل عباسپور میں شہید خواتین فائزہ سلیم اور کلثوم الطاف کے گھروں کا دورہ کیا اور کشمیری بھائیوں کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے مدد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے آئی ڈی پی کیمپ کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے بھارتی شیلنگ کے باعث بے گھر ہونے والے افراد سے بھی ملاقات کی اور اس دوران زخمی ہونے والوں حبیبہ صدیق، ماہ نور طارق، فیضان حنیف، رضوان، عابدہ کوثر، سندس اور مولوی عبدالزاق سے ان کی صحت دریافت کی۔ ماروی میمن نے ان افراد کے حوصلہ کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت ان کے طبی علاج اور بحالی کیلئے ہر سہولت فراہم کرے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا احترام کرنا چاہئے اور اس کی خلاف ورزی کو بند کرنا چاہئے، یہ انسانی حقوق کی بڑی خلاف ورزی ہے کیونکہ ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کے نتیجہ میں معصوم کشمیری شہید ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایل او سی کی بھارتی خلاف ورزی پر پاکستان آرمی کے جواب کو سراہا اور کہا کہ ہماری سرحدیں محفوظ ہیں اور ہم پاکستان کے محافظوں کی وجہ سے رات کو سکون کی نیند سوتے ہیں۔ بھارت کو کسی بھی قسم کی حماقت سے اجتناب کرنا چاہئے۔