چیئرپرسن ڈاکٹرمحمدامجد ثاقب کا نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن میں قائم کردہ بی آئی ایس پی کال سینٹر کا دورہ

109
Dr. Muhammad Amjad Saqib
Dr. Muhammad Amjad Saqib

اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے بدھ کو نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی)میں قائم کردہ بی آئی ایس پی کال سینٹر کا دورہ کیا ۔ بی آئی ایس پی کال سینٹر حال ہی میں این ٹی سی کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے تاکہ بی آئی ایس پی سے متعلق عام لوگوں کی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے۔ ڈی جی این ٹی سی فیصل بشیر چوہدری نے ڈاکٹر امجد ثاقب کو کال سینٹر کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کال سینٹر 25 سے زائد کال ایجنٹس کے ساتھ کام کر رہا ہے اور معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کیلئے ان کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے کال ایجنٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے بہتر نظام کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے کال سینٹر کے دورے کے دوران کال ایجنٹس کوضرورت مند افراد کے ساتھ اخلاق سے پیش آنے کی تلقین کی اور انہیں معاونت فراہم کرنے میں کال ایجنٹس کی اہمیت کو تسلیم کیا۔

ڈاکٹر امجد ثاقب نے جدید کال سینٹر کے قیام پر این ٹی سی کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بی آئی ایس پی کال سینٹر کے اس نیک مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غریبوں کی مدد کرنا صدقہ اور عبادت کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کال سینٹر کے باعث ادارے کے تاثر کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

ڈاکٹر امجد ثاقب نے بتایا کہ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے درج کی گئی تمام شکایات کو فوری حل کے لیے براہ راست بی آئی ایس پی کے فیلڈ دفاتر کو بھیجا جائے گا، شکایات کے موثر حل کیلئے اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ شہریوں کی ضروریات کو موثر طریقے سے پورا کیا جائے۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ کسی بھی شکایت کے اندراج یا بی آئی ایس پی سے متعلق معلومات کے حصول کیلئے 080026477 پر رابطہ کریں۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر محمد طاہر نور بھی موجود تھے۔