فیصل آباد۔ 05 اپریل (اے پی پی):چیئر مین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن چوہدری خالد محمود چیمہ نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے ملک بھر میں بجلی کی قیمت میں بڑی کمی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلہ سے عوام اور کاروباری برادری کو ریلیف ملے گا۔ اس سے صنعتی پیداوار اور برآمدات سستی ہو جائیں جس سے دو سے تین ارب ڈالر کی ایکسپورٹ بڑھنے کے قوی امکانات ہیں جبکہ صنعت کاری بڑھنے سے بے روزگاری میں بھی کمی آئے گی جو قوم کے لئے عید کا تحفہ ہے۔
کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین کے لئے بجلی 7.41روپے فی یونٹ سستی کردی گئی ہے جبکہ صنعتوں کے لئے بجلی کی قیمت میں 7.59روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو بجلی کے ٹیرف میں اتنی بڑی کمی پر رضامند کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف تھا جس کے لئے حکومت کو سخت محنت کرنا پڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی قیمت میں مزید کمی کے لئے آئی پی پیز پردبا بڑھائے، بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نظام کو بہتر بنائے، پاور سیکٹر میں کرپشن کے خلاف اقدامات کرے، سالانہ اربوں روپے کی بجلی کی چوری کو روکے اور قابل تجدید توانائی کی حوصلہ شکنی کے بجائے اسکی حوصلہ افزائی کرے۔اس موقع پرسینئر وائس چیئر مین خالد عزیز،سابق چیئر مین چوہدری محمد نواز،چوہدری جاوید صادق کاہلوں و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578722