لاہور۔24اپریل (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے جمعرات کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ اور کاروباری برادری سے خطاب کیا۔ نیب لاہور کے ترجمان کے مطابق اس موقع پر صدر لاہور چیمبر میاں ابوزر شاد اور کور کمیٹی ممبران نے چیئرمین نیب کو ادارے کی سرگرمیوں پر جامع بریفنگ دی۔
ڈی جی نیب لاہور احترام ڈار، ڈی جی آپریشنز امجد مجید اولکھ، ڈی جی نیب ملتان اور ڈی جی نیب راولپنڈی بھی چیئرمین نیب کے ہمراہ تھے۔ اجلاس میں پنجاب بھر کے مختلف چیمبرز کے صدور نے بھی شرکت کی اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل سے چیئرمین نیب کو آگاہ کیا۔چیئر مین نیب نے کہا کہ دو سال قبل جب انہوں نے چیئرمین نیب کا منصب سنبھالا تو صورتحال مختلف تھی، کاروباری طبقے اور بیوروکریسی کو متعدد خدشات لاحق تھے۔ تاہم گزشتہ دو سالوں میں نیب نے کئی اہم اصلاحات کیں جن کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔چیئرمین نیب نے بتایا کہ ادارے نے دو سال کے دوران 5400 ارب روپے کی براہ راست و بالواسطہ ریکوری کی، جبکہ اسٹیٹ لائف کوآپریٹو سوسائٹی لاہور میں 77 ارب روپے کی تاریخی سیٹلمنٹ عمل میں لائی گئی۔ علاوہ ازیں نیب نے سندھ میں 18 لاکھ ایکڑ اراضی واگزار کروا کر صوبائی حکومت کے حوالے کی۔
انہوں نے کہا کہ نیب نے حالیہ اقدامات کے ذریعے بزنس کمیونٹی کے دل سے خوف ختم کیا اور جھوٹی شکایات کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ گزشتہ سال موصول ہونے والی 18 ہزار شکایات میں سے 86 فیصد جھوٹی ثابت ہوئیں جبکہ نیب قانون کی شق h)18) کے تحت جھوٹے شکایت کنندگان کو 20 لاکھ روپے جرمانہ اور5 سال تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔چیئرمین نیب نے بتایا کہ ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل جاری ہے، متاثرین کی سہولت کے لیے واٹس ایپ گروپس اور کھلی کچہریوں کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے۔
اس موقع پر صدر لاہور چیمبر میاں ابوزر شاد نے نیب کے ساتھ کرپشن کے خاتمے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ قومی اداروں کے ساتھ مل کر معیشت کی بہتری کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے چیئرمین نیب کو سوینئر بھی پیش کیا۔دورے کے اختتام پر چیئرمین نیب نے لاہور چیمبر میں "نیب بزنس سہولت سینٹر” کا افتتاح بھی کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587385