اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اے پی پی) پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئر مین جاوید سلیم قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں انجینئرنگ کے معیارات اور کوڈز کی تےاری کے حوالے سے چین کی ترقی سے استفادہ کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں چین پاکستان انجینئرنگ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پی ای سی نے چائنا ایسوسی ایشن آف پلانٹ انجینئرنگ کنسلٹنٹس کے ساتھ ملکر انجینئرنگ کمپنیوں کے مابین سی پیک سے متعلق منصوبوں میں باہمی شراکت داری اور تعاون کو فروغ دینے کیلئے فورم کا انعقاد کیا تھا۔ فورم کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے پی ای سی کے چیئر مین انجینئر جاوید سلیم قریشی نے کہا کہ فورم کا مقصد پاکستان اور چین کی کمپنیوں کے مابین برابری کی سطح پر اشتراک کار کو فروغ دینا ہے تاکہ پاکستانی انجینئرنگ کمپنیوں کوبھی چائنہ میں بزنس کے مواقع دستیاب ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انجینئرنگ کے معیارات اور کوڈز کی تےاری کے حوالے سے چائنہ کی ترقی سے استفادہ کیا جائے گا۔انجینئر قریشی نے چائنیز کمپنیوں کے نمائندوں سے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھیں۔اقتصادی راہداری منصوبے میں پاکستان اہم ترین حیثیت کا حامل ہے۔