چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد سے چیئر پرسن نیوٹیک گلمینہ بلال کی ملاقات

261
چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد سے چیئر پرسن نیوٹیک گلمینہ بلال کی ملاقات

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے بدھ کو چیئر پرسن نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) گلمینہ بلال سے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹز میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بی آئی ایس پی کے مستحق خاندانوں کے افراد کی مقامی و بین الاقوامی رجحان کے مطابق مختلف شعبہ جات میں سکل ٹریننگ اور معیاری سرٹیفکیشنز کی فراہمی کیلئے باہمی اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینیٹر روبینہ خالد نے چیئرپرسن نیوٹیک کو بتایا کہ اس وقت 93 لاکھ غریب خاندان بی آئی ایس پی سے منسلک ہیں، ان خاندانوں کو غربت سے باہر نکالنے کیلئے ہم ان غریب خاندانوں کےافراد کو تکنیکی ہنر کی تربت فراہم کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان کے معیار زندگی میں بہتری آئے اور افراد اپنے پائوں پر کھڑے ہوں اور ملکی معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہیومین ریسورس ڈویلپمنٹ کے ذریعے ان کے ہنر کو قیمتی اثاثہ جات میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ مستحق افراد کی بیرون ملک ملازمت کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ان کی سرٹیفکیشنز بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوں۔

انہوں نے بین الاقوامی ممالک میں ہوم کیئرز، نرسنگ اور پیرا میڈک عملے کی بڑھتی ہوئی مانگ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بنیادی کام کے طریقہ کار سمیت ان شعبہ جات میں معیاری تربیت کی فراہمی پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

چیئرپرسن نیوٹیک گلمینہ بلال نے بتایا کہ ان کا ادارہ سرٹیفکشنز میں معیاری سکیورٹی پروٹوکولز، تھرڈ پارٹی مانیٹرینگ اور دیگر مستند ٹیکنکل انسٹیٹیوٹس کے ساتھ مشاورت کر رہا ہے۔ انہوں نے بی آ ئی ایس پی کے ہنر مند مستحق افراد کے ڈیٹا بیس کی نیوٹیک کے ساتھ اشتراک کی بھی تجویز پیش کی۔