چیرپرسن بےنظیر انکم سپورٹ سینٹر روبینہ خالد کا پشاور تحصیل ٹاؤن ٹو و کیمپ آفس کا اچانک دورہ

70

پشاور۔ 26 مئی (اے پی پی):چیرپرسن بےنظیر انکم سپورٹ سینٹر روبینہ خالد نے پشاور تحصیل ٹاؤن ٹو و کیمپ آفس کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد رقوم وصول کرنے والی خواتین سے براہ راست شکایات سننا اور انکے مسائل کے حل کے احکامات جاری کرنا ہے۔ سینٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی میں سروے کی کوئی فیس نہیں ہے، سروے بالکل مفت ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سروے میں اندراج کے وقت وہ موبائل نمبر رجسٹر کروائیں جو آپکے استعمال میں ہو اور خواتین اپنی رقم گن کر لیں اور اسکی رسید وصول کریں۔ انہوں نے کہا کہ رقم سے کٹوتی کی صورت میں 8171 پر فوری شکایت کریں۔ سینٹر روبینہ خالد نے کہا کہ کٹوتی کرنے والوں کےخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن اور ایک مقدس ادارہ ہے۔ صدر پاکستان، وزیراعظم اور پارٹی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات ہیں کے مراکز پر آنے والی خواتین کی عزت نفس اور احترام پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام رجسٹریشن اور ادائیگی مراکز پہ خواتین سے بدسلوکی اور کٹوتی کی شکایت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور اس پروگرام سے 1 کروڑ خاندان مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر ہنر مند پروگرام کے تحت مستحق خواتین اور انکے گھرانوں کےافراد کی زندگیاں بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2 سال سے پہلے دو بارہ سروے ممکن نہیں اور جن بینیفشریز کو امداد وصول کرتے ہوئے 3 سال مکمل ہو چکے ہیں ان کیلئے دوبارہ سروے کروانا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کی جانب سے میسج صرف 8171 سے کیا جاتا ہے اورجب تک 8171 سے میسج نہ آئے خواتین ادائیگی مراکز تشریف نہ لائیں۔