اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے حزب اختلاف کی حکومت پر تنقید کو سیاسی حربہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تیزی سے گمنامی سے نکل کر عالمی منظر پر نمایاں ہورہا ہے، پیچیدہ داخلی چیلنجز کے باوجود جامع حکمت عملی اور مو¿ثر سفارتکاری سے عالمی سطح پر بند دروازے کھل رہے ہیں، متعصب اور نسل پرست بھارت سرکار خطے میں غیر یقینی کی فضا قائم کئے ہوئے ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں دوماہ سے زائد عرصے سے کرفیو نافذ کرکے ایک انسانی المیے کی راہ ہموار کرنے کیساتھ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی قوانین کو للکار رہی ہے، تحریک انصاف کی حکومت داخلی طور پر کسی سیاسی دھمکی سے مرعوب ہوگی نہ ہی خارجہ محاذ پر اپنے فرائض سے چشم پوشی کرے گی، بے سروپا مقاصد کے تحت سیاسی انتشار کے خواہاں عناصر کا سیاسی میدان میں بھرپور مقابلہ کریں گے اور اصلاحات کا ایجنڈا پوری قوت سے آگے بڑھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے صدر دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے مختلف تنظیمی ذمہ داران اور وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔