اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اﷲنیازی نے کہا ہے کہ اقلیتیں ہمارے قومی وجود کا حصہ اور تعمیر وطن کے ایجنڈے میں برابر کی شراکت دار ہیں۔ تحریک پاکستان سے آج تک کے سفر میں ہماری اقلیتوں نے خدمت و وفا کے روشن ابواب رقم کئے ہیں۔ اسلام اور دستورِ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے ضامن ہیں۔ اقلیتوں کی فلاح و ترقی تحریک انصاف کے منشور اور ایجنڈے میں سرفہرست ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت اقلیتوں کی بہبود کے حوالے سے اپنے اہداف حاصل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں انصاف مینارٹی ونگ کے زیرِاہتمام تقریب سے اپنے خصوصی خطاب میں کیا۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق انصاف مینارٹی ونگ کے زیرِ اہتمام کرسمس کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں کرسمس کا کیک کاٹنے کے ساتھ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ملکی سلامتی، ترقی و استحکام کیلئے خصوصی دعا مانگی گئی۔ چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے پروقار تقریب کے انعقاد پر صدر و رکن قومی اسمبلی شنیلا روتھ سمیت انصاف مینارٹی ونگ کے مرکزی قائدین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان دیگر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کیطرح ہماری اقلیتی برادری کی امیدوں کا محور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزِ اول سے پاکستان تحریک انصاف ملک میں دستورِ پاکستان کی روشنی میں اقلیتوں کے حقوق کیلئے متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور سیرتِ رسولِ اکرم صل اللہ علیہ وسلم سے اقلیتوں کی تکریم و حقوق کی غیر معمولی تعلیمات ملتی ہیں چنانچہ اسے تحریک انصاف کے ایجنڈے میں سرفہرست رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری محبِ وطن اقلیتی برادری نے درجنوں نابغہ ہائے روزگار شخصیات کو جنم دیا ہے جنہوں نے کھیل سے قانون تک ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور پاکستان کیلئے شرف و تعظیم کا وسیلہ بنی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا انصاف مینارٹی ونگ ملک بھر میں اقلیتوں کو نہایت توانا سیاسی پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جس کے ذریعے اقلیتی برادری قومی سطح پر مؤثر کردار کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا انصاف مینارٹی ونگ کے ذمہ داران پوری محنت سے ملک بھر میں اقلیتوں کو تحریک انصاف کے پرچم تلے منظم اور متحرک کرنے کی سعی میں مصروفِ عمل ہیں اور تحسین کے مستحق ہیں۔ تقریب میں مرکزی نائب صدر و ممبر صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری مصدق محمود گھمن، سابق وفاقی وزیر و جوائینٹ سیکریٹری نیلوفر بختیار، چیف آف سٹاف کرنل امان اللہ اور انصاف مینارٹی ونگ کی مرکزی گورننگ کمیٹی کے اراکین بھی تقریب میں شریک تھے۔