اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف پیر کو دو روزہ سرکاری دورے پر مصر پہنچ گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹییننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق قاہرہ پہنچنے پر چیف آف آرمی سٹاف کو مصری فوج کے ہیڈ کوارٹر میں گارڈ آف آنر دیا گیا۔ انہوں نے مصر کے چیف آف سٹاف اور وزیر دفاع کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان اور مصر کی فوج کے درمیان تعلقات، دفاعی اور سیکورٹی تعاون اور تربیتی پروگرام کے تبادلوں پر بات چیت کی گئی۔ دونوں طرف سے دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے ہر طرح کی کوششیں بروئے کار لانے او وسائل استعمال کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ مصری رہنماﺅں نے پاک فوج کے دہشتگردی کے خلاف جنگ کے تجربات سے استفادہ کرنے بالخصوص آئی ای ڈی کے انسداد میں دلچسپی ظاہر کی۔