راولپنڈی۔29اکتوبر (اے پی پی):روسی فیڈریشن کے نائب وزیر دفاع کرنل جنرل الیگزینڈر وی فومن نے منگل کو جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے روس کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ دونوں فریقین نے مختلف سکیورٹی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔کرنل جنرل فومن نے دہشت گردی کے خلاف پاکستانی فوج کی کامیابیوں کو سراہا اور انتہا پسندی کے خلاف عالمی برادری کے متحد اور باہمی تعاون پر مبنی حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا۔