راولپنڈی۔16ستمبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) فلپپو گرانڈی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی ، افغانستان کی موجودہ صورتحال اور انسانی امداد کے معاملے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے افغانستان میں انسانی ہمدردی اور پناہ گزینوں کے بحران سے بچنے کے لئے عالمی کوششوں کو یکجا کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی بنیادی اقدار کو فروغ دینے اور بحرانوں کے دوران اس کے ردعمل پر یو این ایچ سی آر کے کردار کو بھی سراہا۔
اس موقع پر فلپپو گرانڈی نے چار دہائیوں سے زائد عرصے تک چار لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کے لئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے افغان صورتحال بشمول انسانی امداد کی فراہمی میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔