راولپنڈی۔1فروری (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور نے منگل کو جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون، افغانستان سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ روابط کی روایت کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے اور کینیڈا کے ساتھ طویل مدتی اور کثیر شعبہ جاتی پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے۔
انہوں نے شمالی علاقہ جات میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کینیڈین ہائی کمشنر کی جانب سے کی جانے والی خصوصی کوششوں کو سراہا۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، علاقائی استحکام کے لیے کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔