راولپنڈی۔21مارچ (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مصر کے وزیر خارجہ سمیح حسن شکری نے پیر کو یہاں جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دفاع و سلامتی کے تمام شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان حقیقی برادرانہ تعلقات ہیں اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
او آئی سی کے وزراء خارجہ کی 48ویں کونسل کے اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اسے افغانستان کی سنگین انسانی صورتحال سے نمٹنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ضروری ابھرتے ہوئے چیلنجز کے حل کے سلسلے میں عالمی برادری کو ایک مشترکہ وژن اور حکمت عملی پر لانے کے حوالے سے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔
مصری وزیر خارجہ نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے او آئی سی کی 48ویں وزراء خارجہ کونسل کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔