راولپنڈی۔23جون (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آذربائیجان کے وزیر برائے داخلہ امور کرنل جنرل ایازوف ولایت سلیمان اوغلو ، چیف آف اسٹیٹ بارڈر سروس کرنل جنرل ایلچین گلیئوف اور سٹیٹ سیکورٹی سروس کے سربراہ کرنل جنرل علی ناگی اوغلو ناگیوف سے باکو میں ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دفاع و سلامتی، علاقائی امن و استحکام اور دونوں برادر ممالک کے مابین توانائی ، تجارت اور رابطہ کاری کے منصوبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ خطے میں ابھرتی ہوئی جیو اسٹریٹجک صورتحال کے پیش نظر ہمارے قریبی تعاون اور مشترکہ چیلنجوں کے خلاف اجتماعی ردعمل کی ضرورت ہے۔
انہوں نے تمام سطحوں اور فورمز پر باہمی فائدہ مند رابطوں کو بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
اس موقع پر آذربائیجان کے حکومتی عہدیداران نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کے اعلی معیار اور خطے میں تنازعات کی روک تھام بالخصوص افغانستان میں امن کے قیام کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا