راولپنڈی۔ 18فروری (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیلجیئم کے سرکاری دورے میں بیلجیم کی وزیر دفاع لوڈیوائن ڈیڈونڈر، چیف آف ڈیفنس ایڈمرل مائیکل ہوفمین اور لینڈ کمپوننٹ کے چیف آف سٹاف میجر جنرل پیئر جیرارڈ سے ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان بیلجیئم کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
دونوں فریقین نے دو طرفہ عسکری بالخصوص دفاعی پیداوار، تربیت، انسداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس کے شعبوں میں تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ بیلجیئم کے معززین نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا۔
انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو بھی سراہا اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی بھرپور خواہش کا اعادہ کیا۔