اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):پاک بحریہ کی مشق سی سپارک 2022 کی اختتامی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (آپریشنز) نےمشق کی حکمت عملی اور سرگرمیوں کے جائزے کے ساتھ آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے سفارشات بھی پیش کیں۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے آپریشنل تیاریوں اور مشق کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ہمہ وقت بھرپور حربی تیاری کی اہمیت پر زور دیا۔ مشق سی سپارک کی اختتامی تقریب میں متعلقہ وزارتوں اور افواج پاکستان کے اعلی عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔