اسلام آباد ۔ 19 مارچ (اے پی پی) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سیکرٹریٹ میں ویڈیو کانفرنس کا نظام نصب کرنے کی ہدایت کردی۔ کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث چیف الیکشن کمشنر 24 مارچ کو ویڈیو کانفرنس کی سہولت کا استعمال کرتے ہوئے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ویڈیوکانفرنس میں پشاور، لاہور، کراچی اور کوئٹہ کے صوبائی الیکشن کمشنرز کے دفاتر کو منسلک کیا جائے گا اور اس آن لائن ویڈیو لنک میں تمام صوبائی الیکشن کمشنرز شرکت کریں گے۔ سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کم لاگت میں الیکشن کمیشن کی مجموعی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔