اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے یقین دلایا ہے کہ وہ انتخابات کے جلد ازجلد انعقاد کیلئے کوشاں ہے، الیکشن کمیشن اس بات کو یقینی بنائے گا کہ انتخابات میں تمام پارٹیوں کو یکساں مواقع میسر ہوں گے ، انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا،سیاسی پارٹیوں سے مشاورت کا یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔الیکشن کمیشن کا انتخابی روڈمیپ کے سلسلے میں سیاسی پارٹیوں سے مشاورت کے لئے جمعرات کو پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی ۔معزز ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن و دیگر سینئر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔
اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کو دوپہر 2بجے اور اس کے بعد جمعیت علماء اسلام (ف )کے نمائندگا ن کوسہ پہر 3بجے کے لئے مدعو کیا گیا تھا تاکہ انتخابی حکمت عملی پر ان کی تجاویز لی جائیں۔ اجلاس میں تحریک انصاف کی طرف سے ڈاکٹر بابر اعوان ، بیرسٹر علی ظفر، عمیر نیازی اور علی محمد خان نے( ویڈیو لنک کے ذریعے)شرکت کی جبکہ جمعیت علماء اسلام (ف )کی طرف سے مولانا عبد الغفور حیدری ، جلال الدین ، مولانا درویش ، کامران مرتضی ( بذریعہ ویڈیو لنک)او ر وفد کے دیگر افراد نے شرکت کی ۔
الیکشن کمیشن کا یہ مشاورتی اجلاس انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوا۔ تحریک انصاف کے وفد نے اس بات پر زور دیا کہ انتخابات کا انعقاد آئین کے مطابق 90 دن کے اندر یقینی بنایا جائے جبکہ اس وقت حلقہ بندی کی ضرورت نہیں ہے ۔ پارٹی کے مختلف گرفتار لیڈروں و کارکنوں کی فوری رہائی یقینی بنائی جائے ، پارٹی کو سیاسی ریلیوں کی اجازت دی جائے ،تحریک انصاف کو دوسری پارٹیوں کی طرح سیاست میں یکساں مواقع مہیا کئے جائیں۔
جمعیت علماء اسلام (ف )کے مشاورتی وفد نے موقف اختیار کیا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ الیکشن کا انعقاد آئین کا تقاضا ہے لیکن اب چونکہ مردم شماری کے نتائج سرکاری طور پر شائع ہو چکے ہیں لہذا الیکشن کمیشن کو پہلے حلقہ بندی کا عمل مکمل کرنا چاہئے تاکہ آئندہ انتخابات میں تمام سیاسی پارٹیوں ، امیدواروں اور ووٹروں کو سہولت ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی فہرستوں میں نئی مردم شماری کے مطابق ووٹروں کے درست اندارج کی ضرورت ہے
اس کو بھی الیکشن کمیشن الیکشن سے پہلے یقینی بنائے ،مزید پولنگ سٹیشنوں کی لسٹوں کو بھی درست کیا جائے اور غیر جانبدار اور دیانتدار ریٹرننگ افسروں اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کوبھی یقینی بنایا جائے ۔ الیکشن کمیشن نے دونوں پارٹیوں کے نمائندگان کو یقین دلایا کہ الیکشن کمیشن کی یہ کوشش ہے کہ الیکشن کا انعقاد جلد ازجلد ہو اوراور الیکشن کمیشن اس بات کو یقینی بنائے گا کہ انتخابات میں تمام پارٹیوں کو یکساں مواقع میسر ہوں گے اور انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہماری سیاسی پارٹیوں سے مشاورت کا یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔