چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس، گرینڈ ڈیمویٹک الائنس کے وفد کی نئی حلقہ بندی کرنے کے فیصلہ کی تائید

138
Election Commission
Election Commission

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):ملک بھر میں حلقہ بندیوں اور بروقت عام انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کا مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعہ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس گرینڈ ڈیمویٹک الائنس کے وفد سے ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔ اجلا س میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری ودیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔گرینڈ ڈیمویٹک الائنس کی طرف سے فہمیدہ مرزا، ڈاکٹر صفدر علی عباسی ، کاشف نظامانی ، ابن محمدشریک ہوئے جبکہ سردار عبد الرحیم اور عرفان اللہ خان مروت نےویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

وفد نے الیکشن کمیشن کے نئی حلقہ بندی کرنے کے فیصلہ کی مکمل تائید کی اور کہا کہ حلقہ بندی شفاف انتخابات کی بنیاد ہیں۔ لہذا نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندی کا کام مکمل کیا جائے ۔ اور انتخابات نئی حلقہ بندی کے بعد کروائے جائیں۔ مزید یہ کہ انتخابی فہرستوں کی تجدید بھی کی جائے تاکہ انتخابی فہرستوں میں ووٹ کا اندارج ، حذف اور درستگی کرائی جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق تمام صوبائی افسران کے ٹرانسفر وں کو یقینی بنایا جائے ۔

چیف الیکشن کمشنر کے نگران وزیراعلی کو خط لکھنے کے باوجود ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نےمزید کہا کہ ریٹرننگ آفیسر غیر جانبدار افسران کو لگایا جائے ۔ اگر ممکن ہو تو ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنروں اورمختلف وفاقی سروسز کے آفیسروں کو ریٹرننگ آفیسر تعینات کیا جائے ۔ مذکورہ بالا تمام انتظامات کو مکمل کرنے کے بعد الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے ۔ وفد نے الیکشن کمیشن کو کہا کہ الیکشن کمیشن نے ایکشن پلان تیار کیا ہوا ہے اس پر سختی سے عمل ہونا چاہئے ۔

وفد نے کہا کہ تمام بلدیاتی اداروں کو انتخابات تک معطل کیا جائے اور ایڈمنسٹریٹر ز تعینات کئے جائیں تاکہ شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئین اور قانون کے تحت شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ آپکی پارٹی کی مختلف تجاویز انتہائی اہم ہیں۔ الیکشن کمیشن ان تجاویز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان تجاویز پر آئین وقانون کے مطابق الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندی کے کام کی شفافیت کو یقینی بنائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر نے وفد کو بتایا کہ دیگر جماعتوں سے مشاورت اور اُنکے فیڈ بیک کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کا آج اہم اجلاس طلب کیاگیاہے ۔ جس میں حلقہ بندی کے دورانیہ کو مزید کم کرنے کے بعد الیکشن کمیشن انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے گا ۔