اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے انتخابی نتائج مرتب کرنے کے نظام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، متعلقہ ادارے الیکشن کمیشن کو ضروری نقشہ جات ودیگر ڈیٹا مہیا کریں تاکہ الیکشن کمیشن حلقہ بندی کا عمل فوری طور پر شروع کر سکے ۔
منگل کو الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن ،سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کو رزلٹ مرتب کرنے کے سسٹم پر بریفنگ دی گئی۔
الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ اس سسٹم کے تحت پریذائیڈنگ آفیسر کی طرف سے ریٹرننگ آفیسر کے پاس موبائل ایپ کے ذریعے فوری رزلٹ کی ترسیل ممکن ہوگی ۔ مزید ریٹرننگ آفیسر بھی اس سسٹم کے تحت فوری اور ووٹوں کے درست اعدادوشمار کے ساتھ غیر حتمی رزلٹ مرتب کر سکے گا۔ اس سسٹم پر باقاعدہ موک مشق کرائی گئی اور سسٹم کے تمام مراحل کو چیک کیا گیا ۔
الیکشن کمیشن نے اس سسٹم پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ مزید الیکشن کمیشن نے حلقہ بندی کے کام کا بھی کاجائزہ لیا ۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں اور محکمہ شماریات کو ضروری مراسلہ جات بھی روانہ کئے ہیں ۔
متعلقہ اداروں سے میٹنگ بھی ہوئی ہیں اور آج ان کو ٹیلفون پر بھی یاددہانی کرائی گئی ہے کہ فوری طور پر الیکشن کمیشن کو ضروری نقشہ جات ودیگر ڈیٹا مہیا کریں تاکہ الیکشن کمیشن حلقہ بندی کا عمل فوری طور پر شروع کر سکے ۔