چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ترک وزیر دفاع سے ملاقات

95
چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ترک وزیر دفاع سے ملاقات

راولپنڈی۔23جون (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچ گئے۔ ترکی میں انہوں نے ترک وزیر دفاع جنرل (ر) ہولوسی ایکر سے ملاقات کی۔

اس موقع پر ترک جنرل سٹاف کے کمانڈر جنرل یاسر غلیر اور ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل امیت دندار بھی موجود تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال بشمول افغان امن عمل میں حالیہ پیشرفت اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیف آف آرمی سٹاف نے ترکی کی جانب سے پاکستان کے ساتھ روابط اور بالخصوص خطہ میں امن کیلئے مثبت کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی خطہ کے اہم مسلم ممالک میں سے ایک ہے اور پاکستان اور ترکی کے درمیان تعاون میں اضافہ سے علاقائی امن و سلامتی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

اس موقع پر ترکی کے حکام نے علاقائی امن و سلامتی بالخصوص افغانستان میں امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کیلئے کام جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ قبل ازیں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی آمد پر انہیں چا ق و چوبند فوجی دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا