اسلام آباد ۔ 26 جنوری (اے پی پی) عالمی بینک کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کرسٹالینا آئی جورجیوا نے گزشتہ چند سال کے دوران کئے گئے حکومت کے اقتصادی ترقی کے اقدامات کو سراہا ہے۔ جمعرات کو یہاں وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے وزیراعظم نواز شریف اور ان کی ٹیم سے مل کر خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا گزشتہ دورہ پاکستان 2011ءمیں تھا، اس کے بعد ہونے والی مثبت تبدیلیوں نے متاثر کیا ہے اور گزشتہ چند سال کے دوران بنیادی ڈھانچے کی سہولتوں کے معیار میں نمایاں بہتری ہوئی ہے۔ انہوں نے خصوصی طور پر کہا کہ پاکستان کی معاشی کارکردگی اچھی ہے، شرح نمو بڑھ رہی ہے جبکہ افراط زر کم ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مثبت اقدامات کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں۔ کرسٹا لینا آئی جورجیوا نے کہا کہ عالمی بینک کئی دہائیوں سے پاکستان کی معاونت کر رہا ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ہم نے پاکستان میں 1.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جو پاکستان کی معاشی خوشحالی اور ترقی کے عمل میں شریک ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں ہماری شراکت داری مزید مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستان انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کو عطیہ دینے والا ملک بن جائے گا، جس سے عالمی بینک کی سرمایہ کاری پر پاکستان کے اعتماد کا اظہار ہوگا۔