لاہور۔9ستمبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر صدارت لیسکو ہیڈکوارٹر میں کرپشن کی روک تھام کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے جاری ہونیوالے اعلامیے کے مطابق دوران اجلاس چیف ایگزیکٹو لیسکو کی جانب سے تمام افسران کو ہدایات جاری کی گئیں کہ محکمہ میں کرپشن کی روک تھام کے لیے اقدامات کو مزید سخت کردیا جائے اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے تاکہ صارفین کا ادارے پر اعتماد بڑھے۔
ترجمان لیسکو کے مطابق اس موقع پر چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی جانب سے تمام سپرنٹنڈنٹ انجینئرز، ایکسیئنز اور ایس ڈی اوز کو ہدایات جاری کیں کہ لیسکو دفاتر میں آنے والے صارفین کو مکمل معلومات اور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ صارفین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں جی ایم ٹیکنیکل عامر یسین ،ڈائریکٹر ایچ آر ضمیر حسین کولاچی، ڈائریکٹر کسٹمر سروسزسرور مغل،چیف فنانس آفیسر بشری عمران،کمپنی سیکرٹری گوہر ایوب،ڈائریکٹر ایڈمن معصومہ عادل، چیف انجینئر پی اینڈ ڈی ظفر محمود، چیف انجینئر پی ایم یو شعیب عاصم ،چیف انجینئر پی آئی یو اعجاز بھٹی،چیف لا آفیسر،ڈائریکٹر ایس اینڈ آئی اور ڈائریکٹر کمپلینٹ رانا راضوان موجود تھے۔