فیصل آباد۔ 29 مارچ (اے پی پی):چیف ایگزیکٹیو آفیسر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی روف احمد کی زیر صدارت عیدالفطر پر صفائی ستھرائی کے انتظامات اور آپریشن پلان پر عملدآمد کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں فیصل آباد،جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے اضلاع کے ٖڈسٹرکٹ منیجرز بھی موجود تھے۔
سی ای او نے عیدالفطر پر حکومتی احکامات کے مطابق اب تک کئے گئے اقدامات بارے تمام اضلاع کے افسران سے بریفنگ لی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہریوں کو عید کے پرمسرت موقع پر صاف ستھرا ماحول میسر آنا چاہیے۔
دیہی علاقوں میں بھی صفائی کے خاطر خواہ اقدامات کئے جائیں۔ مساجد، عیدگاہوں اور قبرستانوں میں پانی کا چھڑکاؤ اور لائمنگ کو یقینی بنایا جائے۔عید صفائی پلان کے تحت آپریشن ونگ کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں لہذا تمام افسران و ماتحت عملہ فیلڈ میں متحرک دکھائی دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاند رات کو زیر ویسٹ آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے صبح6 بجت تک تمام کمرشل مارکیٹس کو کلیئر کیا جائے۔صفائی کے موثر اقدامات کے تحت شہریوں کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن1139 پر بھی شکایات درج کروائی جا سکتی ہیں جبکہ صفائی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے بھی مختلف علاقوں میں مہم جاری ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577255