چیف جسٹس آف پاکستان نے آج سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران متعدد اہم مقدمات کی سماعت کے لیے اسلام آباد کی پرنسپل سیٹ پر دو بڑے اور چار ریگولر بینچ تشکیل دے دیئے

92
چیف جسٹس آف پاکستان (سی جے پی) عمر عطا بندیال

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان (سی جے پی) عمر عطا بندیال نے (آج)پیر سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران متعدد اہم مقدمات کی سماعت کے لیے اسلام آباد کی پرنسپل سیٹ پر دو بڑے اور چار ریگولر بینچ تشکیل دے دیے ہیں،سپریم کورٹ نے اسلام آباد کی پرنسپل سیٹ کیلئے آئندہ عدالتی ہفتے کا ججز روسٹر اور کاز لسٹ جاری کر دی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 13 تا 17 جون 2022 تک جاری رہنے والے ہفتے کے دوران پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں مختلف مقدمات کی سماعت کیلئے 2 لارجر اور 4 ریگولر بینچز تشکیل دیئے گئے ہیں۔ پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے برطرف جج شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست سمیت دیگر مقدمات پر سماعت ہوگی۔ 14 جون منگل کو آزادانہ تفتیش کے معاملات میں مداخلت کے تاثر پر لئے گئے از خود نوٹس ، بچے کے اغوا اور اس کو بھگا لے جانے سے متعلق سلیم احمد بنام ڈاکٹر مہرین بلوچ وغیرہ کیس ، ٹی ایم اے لاڑکانہ فنڈز میں خرد برد کے ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری سے متعلق کیس ،گندم کوٹہ الاٹمنٹ کیس ،

خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقوں میں ہونے والے نقصانات کے ازالے سے متعلق دائر درخواستوں اور میانی صاحب قبرستان لاہور تنازعہ کیس کی سماعت ہوگی۔ بدھ 15 جون کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کے ملزم ارشاد حسین کی ضمانت سے متعلق کیس ،پنجاب صاف پانی سکینڈل کیس ،سندھ گنے کے کاشتکاروں کو معاوضہ کی ادائیگی کے دوران خرد برد کرنے کے ملزمان کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب کی جانب سے دائر کردہ درخواست ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی )میں خرد برد کرنے کے ملزم شاہد محمود کیخلاف دوبارہ انکوائری کرنے سے متعلق کیس ،قومی شناختی کارڈ کی بحالی سے متعلق دائر مختلف درخواستوں ، پاکستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن پنجاب اراضی تنازعہ کیس ،

موٹر وے پر موٹر سائیکلوں کے داخلہ پر پابندی سے متعلق کیس اور بلوچستان میں سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار سے متعلق از خود نوٹس پر سماعت ہوگی۔ 16 جون، جمعرات کو زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں ملوث گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے تعلق رکھنے والے افسران کی ضمانت منسوخی سے متعلق کیس ، ایڈن گارڈن ہاو¿سنگ سکیم لاہور سے متعلق از خود نوٹس اور مختلف نیب مقدمات پر سماعت ہوگی ، جمعہ 17 جون کو مختلف سول سروس ، فوجداری، بینکنگ و دیگر کیسز زیر سماعت آئیں گے۔