اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):سپریم کورٹ آف پاکستان کا فل کورٹ اجلاس جمعرات کو چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق فل کورٹ اجلاس میں تمام معزز جج صاحبان نے شرکت کی۔
اجلاس میں عدالت کی انتظامی کارکردگی کی بہتری سمیت دیگر قانونی امور زیر بحث لائے گئے ۔فل کورٹ اجلاس کے کلیدی ایجنڈا آئٹمزمیں ریاستی خرچ پر تعینات وکلاء کی پیشہ وارانہ فیس پر نظر ثانی ، پاکستان بار کونسل کی سفارشات پر ہائی کورٹس کے سابق جج صاحبان کی بطور ایڈووکیٹ سپریم کورٹ تعیناتی کی تجویز پر غور ، معلومات تک رسائی کے حق ، اثاثہ جات ڈیکلریشن کے عمل پر غور شامل تھا ۔
جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ تمام ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی غور و خوص کے بعد واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔ اجلاس میں تمام معزز جج صاحبان نے اپنی صائب رائے دی بالخصوص سپریم کورٹ رولز ترمیمی کمیٹی اور رجسٹرار آفس کی کارکردگی کو سراہا گیا ۔ اس موقع پر سپریم کورٹ میں جاری اصلاحاتی عمل کی مکمل حمایت کے لیے جلد فل کورٹ اجلاس منعقد کرنے پر کثرت رائے سے اتفاق کیا گیا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583680