لاہور۔18جنوری (اے پی پی):چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی زیرِ صدارت فل کورٹ اجلاس ہفتہ کو لاہور ہائیکورٹ کے مرکزی لائبریری ہال میں منعقد ہوا،اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس صداقت علی خان،جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس فیصل زمان خان سمیت دیگر فاضل ججز نے شرکت کی،
اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عبہر گل خان بھی موجود تھیں، فل کورٹ اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ، لاہور پرنسپل سیٹ و ملتان، بہاولپور و راولپنڈی بنچزاور صوبہ بھر کی ضلعی عدلیہ میں زیر التوا مقدمات خصوصاً پرانے مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کے لئے متعدد تجاویز کی روشنی میں ایک مربوط پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ زیر التوا مقدمات میں خاطر خواہ کمی لائی اور جلد و معیاری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے
،اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ اور ضلعی عدلیہ میں مقدمات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی گئی،جس کے مطابق گزشتہ سال کے دوران عدالت عالیہ لاہور اور پنجاب بھر کی ضلعی عدلیہ میں کل 38 لاکھ سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے گئے، رپورٹ کے مطابق سال 2024 کے دوران لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ اور بنچز پر 1 لاکھ48 ہزار453 کیس دائر اور1 لاکھ44 ہزار122 مقدمات کے فیصلے کئے گئے
،اسی طرح صوبہ بھر کی ضلعی عدالتوں میں سال2024 کے دوران 37 لاکھ 89 ہزار639 نئے مقدمات دائر اور36 لاکھ57 ہزار 102 مقدمات کے فیصلے ہوئے، اجلاس میں مزید بتایاگیا کہ لاہور ہائیکورٹ اور علاقائی بنچز پر زیرالتوا مقدمات کی تعداد 1 لاکھ 98 ہزار ہے جبکہ ضلعی عدلیہ میں 14 لاکھ94 ہزار868 مقدمات زیر التوا ہیں۔