اسلام آباد ۔ 05 مئی (اے پی پی) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے عمر کوٹ سندھ میں ایک جاگیر دار کی جانب سے طاقت کے غلط استعمال اور شرپسندوں کی فوری رہائی کے واقعہ کا ازخود نوٹس لے لیا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیف جسٹس نے عمر کوٹ میں ایک جاگیر دارنواب زید تالپور کے ساتھیوں سمیت کنری ضلع عمر کوٹ میں داخلہ اور سٹیشن ہاﺅس آفیسر کے ساتھ غیر انسانی سلوک کے بارے میں میڈیا میں آنے والی رپورٹس کا ازخود نوٹس لیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ نواب زید تالپورنے ایس ایچ او سے کہا تھا کہ وہ نیچے زمین پر بیٹھ کر اس سے بات کرے جبکہ وہ خود اس کی کرسی پر بیٹھا ہوا تھا۔ ملوث افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا تاہم سیاسی مداخلت پر وہ فوری رہا ہو گئے تھے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے واقعہ کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے پانچ دن میں آئی جی پولیس سندھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔