اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے درخواست کی ہے کہ پی ٹی آئی کی خود ساختہ کور کمیٹی کے بانی پی ٹی آئی اور پارٹی سے متعلق تمام مقدمات سے چیف جسٹس پاکستان کی علیحدگی کے مطالبے کا نوٹس لیں۔
ہفتہ کو اپنے بیان میں اکبر ایس بابر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی گزشتہ پانچ سال میں انٹرا پارٹی الیکشن کرانے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعت کے اندر انتخابات نہ کرانے کی وجہ سے اس وقت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی سمیت تمام کمیٹیاں اور عہدے دار خود ساختہ ہیں جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔
اکبر ایس بابر نے سپریم کورٹ سے درخواست کی کہ ایک غیر قانونی کمیٹی کے غیر قانونی مطالبے کا نوٹس لیا جائے اور خود ساختہ عہدے داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے بھی مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کی قانونی حیثیت بحال ہونے اور قانونی طور پر عہدے داروں کے انتخاب تک پی ٹی آئی کا نام اور تمام اثاثے بشمول پی ٹی آئی بینک اکاؤنٹس کے غیر قانونی استعمال پرپابندی لگائی جائے ، اس حوالہ سے تحریری درخواست 5 مارچ 2024 سے زیرالتوا ہے۔