چیف جسٹس گلزار احمد سے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے وفد کی ملاقات

61
چیف جسٹس گلزار احمد سے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے وفد کی ملاقات
چیف جسٹس گلزار احمد سے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد سے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر سردار عبدالرازق خان کی سربراہی میں بارہ رکنی وفد نےسپریم کورٹ میں ملاقات کی۔ منگل کوعدالت عظمی سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد نے راولپنڈی ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد کو خوش آمدید کہا۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ بینچ اور بار نظام عدل کا لازمی حصہ ہیں اس لیئے ان دونوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے سخت محنت کرنی چاہیے تاکہ متاثرہ فریقین کو فوری ریلیف مل سکے۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے مزید کہا کہ مختلف پیشہ جات میں عدلیہ کا پیشہ ایک قابل عزت پیشہ ہے، قابل احترام ججز کو میرٹ پر فیصلے کر کے عدلیہ کے وقار، سالمیت، عزت و احترام اور پیشے کے تقدس کو برقرار رکھنا چاہیے ۔

چیف جسٹس نے وفد کو پیشہ ورانہ زندگی میں کامیابی کیلئے فلسفہ، تاریخ، ادب اور بائیوگرافیز پڑھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ جہاں اس سے خود اعتمادی، استعداد اور حوصلے کی سطح میں اضافہ ہوگا وہیں انکی شخصیت میں بھی مزید نکھار آئے گا۔ اس دوران چیف جسٹس نے وفد سے اپنے تجربات بھی شیئر کیے ۔ وفد نے ملاقات کیلئے قیمتی وقت دینے پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گلدستہ پیش کیا ،وفد نے چیف جسٹس کو راولپنڈی ہائیکورٹ بار کے دورے کی دعوت بھی دی ۔