22.7 C
Islamabad
بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومقومی خبریںچیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے انصاف کے شعبے کے تمام سٹیک ہولڈرز...

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے انصاف کے شعبے کے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ذہن سازی کو ترجیح دی ہے،رجسٹرار سپریم کورٹ

- Advertisement -

اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):رجسٹرار سپریم کورٹ محمد سلیم خان نے کہاہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے عدالتی کارروائیوں میں درپیش چیلنجز کی نشاندہی اور ان سے نمٹنے کے لیے انصاف کے شعبے کے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ذہن سازی کو ترجیح دی ہے، جامع اصلاحاتی ایجنڈے کا مقصد سپریم کورٹ کی کارکردگی کو بڑھانا اور عالمی انصاف کے انڈیکس پر عدلیہ کا مقام بلند کرنا ہے، یہ اصلاحات عدالتی عمل کو ڈیجیٹل بنانے، رسائی کو بہتر بنانے، طریقہ کار کو ہموار کرنے، احتساب کو یقینی بنانے اور عدالتی کارروائیوں میں زیادہ شفافیت کو فروغ دینے پر مرکوز ہیں۔

سپریم کورٹ کے افسر تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتاز ترقیاتی ماہر شیر شاہ کے ہمراہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے مختلف سیکشنز کے سربراہان کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن کے موقع پرکیا۔سیشن کے دوران رجسٹرار سپریم کورٹ سلیم خان نے شرکاءکا خیرمقدم کیا ۔ ترقیاتی ماہر شیر شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ اصلاحات نہ صرف زیر التواءمقدمات کو کم کرنے کے لیے کی گئی ہیں بلکہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بھی ہیں کہ مدعیان کو بروقت اور موثر انصاف ملے۔

- Advertisement -

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قانونی چارہ جوئی کرنے والے نظام انصاف کے بنیادی سٹیک ہولڈر ہیں اور انصاف کے لیے ادارے کے عزم کو اجاگر کرنے اور سافٹ امیج کو تقویت دینے کے لیے سائلین کے ساتھ انتہائی احترام کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد کو بحال کرنے اور عدلیہ کو ایک قابل اعتمادادارے کے طور پر نمایاں کرنے کے لیے سائلین کے ساتھ باعزت اور منصفانہ سلوک ضروری ہے تاکہ یہ ادارہ انصاف اور احترام کی علامت کے طور پر اپنے کردار کو تقویت دینے کے لیے پرعزم رہے۔

سیشن میں اصلاحات کے کلیدی شعبوں بشمول آئی ٹی کے بنیادی ڈھانچے میں ترقی، کیس مینجمنٹ سسٹم میں بہتری، عملے کے لیے صلاحیت کی تعمیر اور تربیتی پروگراموں کا تعارف، سپریم کورٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب "آن لائن فیڈ بیک فارم -سٹیک ہولڈرز کی مصروفیت برائے عدالتی اصلاحات” کے اجراءپر بھی بات کی گئی۔ یہ پلیٹ فارم عوام کو خدمات کی فراہمی کو بڑھانے اور بامعنی مصروفیت کو فروغ دینے کے لیے تجاویز اور بصیرت کا اشتراک کرنے کی دعوت دیتا ہے۔

فیڈ بیک فارم https://scp.gov.pk/Feedback.aspx پر حاصل کیا جا سکتا ہے۔آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ نے چیف جسٹس کی قیادت میں حاصل ہونے والی پیشرفت کے بارے میں اپ ڈیٹس بھی پیش کیں جس میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے انضمام اور عدالتی عمل کو مزید قابل رسائی اور شفاف بنانے کے لیے میکانزم کے قیام پر روشنی ڈالی۔ یہ اقدامات انتظامی چیلنجوں سے نمٹنے، ایک جوابدہ اور قابل اعتماد نظام انصاف کو یقینی بنانے کے عدلیہ کے عزم سے ہم آہنگ ہیں۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں