چیف سیکرٹری بلوچستان نے بلوچستان میں 12مہلک بیماریوں سے تحفظ کےلئے بگ کیچ اپ مہم کاافتتاح کردیا

142
Shakeel Qadir
Shakeel Qadir

کوئٹہ۔ 17 فروری (اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر نے بلوچستان میں 12مہلک بیماریوں سے تحفظ کےلئے بگ کیچ اپ مہم کاافتتاح کردیا۔ پیر کوسول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر نے بلوچستان کے تمام اضلاع میں 17فروری سے 28فروری تک بگ کیچ اپ مہم کاافتتاح کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری شکیل قادر نے کہاکہ کورونا وائرس کی وباکے دوران جن بچوں کو حفاظتی ٹیکے نہیں لگے تھے ان کو ویکسین لگانے کےلئے 17تا 28فروری تک 12مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کےلئے بگ کیچ اپ مہم کاآغاز کیاگیاہے اس مہم کے دوران 5سال سے کم عمر کے4لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے ،مہم میں1500ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جس صحت کے مراکز،کمیونٹی آئوٹ ریچ اور موبائل ویکسینیشن یونٹس کے ذریعے بچوں کوحفاظتی ٹیکے فراہم کریں گے تاکہ بچے ان مہلک بیماریوں سے محفوظ ہوں ،انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں، اگر ہم نے پولیو پر قابو نہ پایا تو بین الاقوامی سطح پر پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس لئے والدین قریبی ویکسینیشن پوائنٹس پر جاکر اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکہ لگوائیں یہ مہم بچوں کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔حکومت بلوچستان مہم کے موثر نفاذ کےلئے ہرممکن اقدامات کرےگی اور تمام ادارے اس قومی خدمت میں اپناکردارادا کریں گے ۔