16 C
Islamabad
منگل, فروری 25, 2025
ہومضلعی خبریںچیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد

- Advertisement -

پشاور۔ 24 فروری (اے پی پی):چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں سائنس، ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے اپنی نمایاں کامیابیوں سے آگاہ کیا، جن میں مختلف اضلاع میں ڈیجیٹل اسٹیمپنگ سروسز کا اجرا شامل ہے، جو عوامی خدمات کی فراہمی میں انقلابی تبدیلی لارہی ہیں۔ اس کے علاوہ سات ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں سٹیزنز فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں متعدد خدمات کو خودکار بنایا گیا ہے۔ مزید برآں خیبرپختونخوا یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت 16,000 سے زائد نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت دی گئی ہے۔

- Advertisement -

اجلاس میں بتایا گیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کےدستک پبلک سروس ڈلیوری پلیٹ فارم کو عالمی سطح پر عوامی خدمات کی فراہمی میں ایک ممتاز حیثیت حاصل ہو چکی ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے اب تک 94,000 سے زائد اسلحہ لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ ایک ارب روپے کی آمدن حاصل کی گئی ہے، جس سے شفافیت آئی ہے اور عوامی خدمات کو سہل بنایا گیا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے خیبرپختونخوا سائنس ایجنڈے پر روشنی ڈالی، جو آٹھ کلیدی نیچرل ریسورس اہداف اور تین جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں پر مشتمل ہے۔ ان میں قیمتی پتھر، شہد اور مکھی پالنا، پھل اور سبزیاں، ماہی پروری، جڑی بوٹیاں اور طبی نباتات، مائیکرو ہائیڈرو پاور، آثار قدیمہ اور شہری ماحول کے ساتھ ساتھ جدید مٹیریلز، بایو میڈیسن اور خلائی سائنسز شامل ہیں۔ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے سائنس، ٹیکنالوجی اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے دیگر محکموں کے ساتھ تعاون کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری اور طلبہ کے درمیان روابط فروغ دے کر جدت اور کاروباری مواقع کو بڑھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ سائنس ٹیکنالوجی اور آئی ٹی مہارتیں حاصل کرکے نوکری تلاش کرنے کے بجائے خود کاروبار شروع کریں تاکہ وہ معیشت کی ترقی اور خوشحالی میں بہتر طریقے سے کردار ادا کریں۔ چیف سیکرٹری نے اس امر پر بھی زور دیا کہ محکمے کے ترقیاتی منصوبوں پر مسلسل نظر رکھی جائے تاکہ ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565711

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں