چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس

179
چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس

لاڑکانہ۔ 19 جنوری (اے پی پی):چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیرصدارت کمشنر آفس لاڑکانہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم پی اے لاڑکانہ جمیل احمد سومرو، ایم پی اے سہیل انور سیال، سیکرٹری پی اینڈ ڈی، فنانس، زراعت، مختلف محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاڑکانہ، ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی لاڑکانہ، ایم ایس لاڑکانہ اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں لاڑکانہ شہر میں سہولیات، مسائل اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی میں نشاندہی کئے گئے مسائل کو حل کر دیا گیا ہےتاکہ ایڈمنسٹریشن بلاک، مختلف ٹیچنگ سائیڈز، ہاسٹلز، کینٹینز اور سٹیڈیم کے باقی ماندہ کاموں کو مکمل کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ چانڈکا میڈیکل ہسپتال کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے

،اسی طرح شہر کے اندر واقع سبزی منڈی کو بھی شہر سے باہر منتقل کرنے کی کوشش کی جائے گی، لاڑکانہ شہر میں قبرستانوں کی کمی ہے، اس لیے ہم شہر میں 20، 20 ایکڑ رقبے پر دو قبرستان بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ جن سکیموں پر سست روی کا سامنا ہے ان کے کام کو تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ان سکیموں کو بروقت مکمل کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں نکاسی آب کا ایک میگا پراجیکٹ ہے،

جس کے لیے ایک ٹیکنیکل ڈیپارٹمنٹ کو ٹاسک دیا جائے گا، سندھ کے بڑے شہروں اور تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی، ہم اس کے ذریعے ایک میگا پروجیکٹ فراہم کریں گے۔