لاہور۔23اپریل (اے پی پی):چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے صوبے میں تجاوزات کیخلاف آپریشن مثر انداز میں جاری رکھنے کی ہدایات جاری کر دیں۔چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا ایک اہم اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا جس میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور پرائس کنٹرول اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کا صرف خاتمہ کافی نہیں بلکہ ان کا مستقل تدارک اور متاثرہ علاقوں کی بحالی ازحد ضروری ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کے بعد تعمیر و بحالی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو گورننس میں واضح اور مثبت تبدیلی نظر آنی چاہیے۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک کرنے اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اشیائے خورونوش کی سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور گرانفروشوں و ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں محکمہ زراعت اور پرائس کنٹرول کے سیکرٹریز سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔