چیف سیکرٹری کی پولیو مہم میں مسڈ چلڈرن کی سو فیصد کوریج یقینی بنانے کی ہدایت

94
polio-free Punjab
polio-free Punjab

لاہور۔10ستمبر (اے پی پی):چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے 15اضلاع میں جاری انسداد پولیو مہم کے دوران مسڈ چلڈرن کی سو فیصد کوریج کو یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے حصول کیلئے مائیکرو پلانز کو از سر نو ترتیب دیا جائے۔انہوں نے یہ ہدایات یہاں ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں صوبہ میں جاری انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز 15اضلاع میں جاری انسداد پولیو مہم کی خود نگرانی کریں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے، ملک کو پولیو فری بنانے کیلئے سب کو ملکر قومی جذبے کیساتھ کام کرنا ہوگا۔چیف سیکرٹری نے ساہیوال اور چکوال میں پولیو وائرس کے ماحولیاتی نمونے مثبت آنے پر رپورٹ بھی طلب کی۔محکمہ صحت کے حکام نے جاری انسداد پولیو مہم بارے بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 15اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری ہے اور پہلے روز 38لاکھ بچوں کو ویکسیئن کے قطرے پلائے گئے۔انہوں نے بتایا کہ انسدادپولیو مہم کے دوران ایک کروڑ 39لاکھ بچوں کو ویکسیئن کے قطرے پلائے جائیں گے،

مانیٹرنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی میں انسداد پولیو مہم 15ستمبر تک جاری رہے گی جبکہ دیگر 12اضلاع میں مہم 13ستمبر تک جاری رہے گی۔ان اضلاع میں اٹک، بہاولپور، بہاولنگر، چکوال، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، ملتان، مظفر گڑھ، اوکاڑہ، راجن پور، رحیم یار خان، شیخو پورہ شامل ہیں۔اجلاس میں سیکرٹری پرائمری ہیلتھ اور سربراہ پولیو پروگرام پنجاب خضر افضال نے شرکت کی۔