چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی کی زیر صدارت اجلاس

215
چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی

گلگت۔30اگست (اے پی پی):چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی کی زیر صدارت اجلاس،ساڑھے چار کروڑ کی لاگت کے متعدد منصوبے منظور،

اجلاس میں ضلع استور میں ایل او سی پر پاکستان کے آخری گاؤں ٹیٹوال میں قائم مڈل سکول کی بحالی اور کمپیوٹرائزیشن کے لیے 27 لاکھ کی خصوصی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ جنگلات و جنگلی حیات اور نیشنل پارکس نے خنجراب بابوسر ٹاپ،دیوسائی اور فیری میڈوز سمیت گلگت بلتستان کے 30 خوبصورت ترین سیاحتی مقامات پر پہلے سے تیار شدہ بیت الخلاء کی تنصیب کے لیے ساڑھے چار کروڑ کی لاگت کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔اس کے علاوہ ضلع استور میں ایل او سی پر پاکستان کے آخری گاؤں ٹیٹوال میں قائم مڈل سکول کی بحالی اور کمپیوٹرائزیشن کے لیے 27 لاکھ کی خصوصی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

اس حوالے سے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت خطے میں سیاحت کے فروغ کے لیے بہترین اقدامات کررہی ہے اور سیاحوں کو درپیش مسائل کے پائیدار حل کیلئے بھی متعلقہ محکمے کوشاں ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے،خطے کے دلکش نظارے دیکھنے کیلئے دنیا بھر سے لوگ یہاں آتے ہیں،صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے پر عزم ہے

اس حوالے سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے ویژن کے مطابق سیاحت کے فروغ کیلئے باقاعدہ لائحہ عمل مرتب کررہے ہیں۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان سیاحوں کیلئے جنت سے کم نہیں،روزانہ کی بنیاد پر کئی خاندان یہاں کا رخ کرتے ہیں،حکومت گلگت بلتستان کی کوشش ہے کہ سیاحت کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کیئے جائیں۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سیاحت کے فروغ سے متعلق مزید کہتے ہیں کہ خطے میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ اسی بات کا ادراک کرتے ہوئے حکومت گلگت بلتستان سیاحت کے فروغ کیلئے روز اول سے ہی بہترین اقدامات اٹھا رہی ہے ۔