گلگت ۔18ستمبر (اے پی پی):چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین نے گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاون کا حکم جاری کر دیا۔ محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیف سیکرٹری نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ منافع خوروں کے خلاف تحصیل سطح پر باقاعدہ مہم شروع کریں تاکہ اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی رپورٹ چیف سیکرٹری آفس کو مطلوبہ ڈیٹا اور کارروائی کی تفصیلات کے ساتھ پیش کریں، اپنے دفاتر میں 24گھنٹے چیف سیکرٹری شکایات سیل قائم کریں تاکہ عوامی مسائل اور شکایات کے فوری حل کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے شکایت سیل کے رابطہ نمبرز کی محکمہ اطلاعات کے ذریعے گلگت بلتستان میں تمام ڈیجیٹل میڈیا پیجز پر تشہیر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈویژنل کمشنرز اپنے دفاتر میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کریں گے تاکہ منافع خوروں کے خلاف چیف سیکرٹری کی مہم بارے تفصیلات سے عوام کو آگاہ کیا جا سکے۔
چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ زائد قیمتیں وصول کرنے والے بالخصوص گروسری سٹورز اور بیکرز ، سبزی اور پھل فروش، چینی اور آٹے کے سٹورز، قصابوں ، ایل پی جی گیس فروخت کرنے والے ، میڈیکل سٹورز، ہوٹل و ریسٹورینٹ، برائلرمرغی فروش ، ہارڈویئر سٹورز، سافٹ ڈرنکس اور منرل واٹر کی ہول سیل وغیرہ کے خلاف کریک ڈاون تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔