گلگت۔15اکتوبر (اے پی پی):چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے سٹی ہسپتال گلگت کا دورہ کیا۔سیکرٹری ہیلتھ گلگت بلتستان دلدار احمد ملک نے بریفنگ دی۔دورے کے دوران چیف سیکرٹری نے گائنی وارڈ،دوائیوں کے سٹورز، لیبارٹری میں نصب شدہ جدید آلات اور دیگر شعبہ جات کا خصوصی طور پر جائزہ لیا۔چیف سیکرٹری نے سیکرٹری صحت کو ہسپتال میں دوائیوں کی بروقت دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے فوری طور پر موثر اقدامات بروئے کار لانے کے احکامات جاری کر دئیے۔
چیف سیکرٹری نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر گورنمنٹ مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کمپلیکس گلگت(سٹی ہسپتال) سرجن ڈاکٹر اقبال عزیز نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور ہسپتال کو درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی ۔چیف سیکرٹری نے اس موقع پر کہا کہ حکومت گلگت بلتستان صحت کے شعبے میں اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر مریضوں کی مشکلات کو کم سے کم کیا جائےتاکہ غریب مریضوں کو شہر میں ہی سہولیات بہم پہنچ سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں صفائی کا نظام کو موثر بنایا جائے اور صفائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر کمشنر گلگت ڈویژن کمال خان،ڈپٹی کمشنر گلگت امیر اعظم حمزہ، اسسٹنٹ کمشنر گلگت اویس عباسی و دیگر آفیسران ہمراہ تھے۔