استور۔ 25 اپریل (اے پی پی):نیٹکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کی زیر صدارت ہوا جس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی اور منصوبہ بندی کا جائزہ لیا گیا۔ بورڈ نے ادارے کی ترقی میں نیٹکو انتظامیہ کے کردار کو لائق ستائش قرار دیا۔ گلگت بلتستان کے اس قومی اثاثے کے استحکام پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر نیٹکو عزیز احمد جمالی نے بورڈ کو ادارے کے پسنجر اور کارگو آپریشن ٹیکنالوجی پر منتقلی سے متعلق آگاہ کیا۔ بورڈ نے ادارے کے مالی استحکام پر اطیمینان کا اظہار کیا۔
نیٹکو بورڈ نے کارگو اور مسافر گاڑیوں کی خریداری سے متعلق Hybrid Finance ماڈل بنانے کی ہدایت کی۔ بورڈ نے نیٹکو کارگو کو بین الاقوامی وسعت دینے کے حوالے سے TIR آپریشن کی منظوری دی۔ کارگو سروس کی بہتری کے لئے 10 ویلر ٹرکوں کو 22 ویلر ٹرک اور بڑے آئل ٹینکر بنانے کی منظوری دی۔نیٹکو سروس رول کے لئے بشمول بورڈ ممبران ایک کمیٹی تشکیل دی جو اگلے اجلاس میں اپنی سفارشات منظوری کے لئے پیش کرے گی۔
ادارے کے لئے مختلف مقامات پر زمین کی خریداری کی اصولی منظوری دیتے ہوئے بورڈ نے ہدایت کی کہ پہلے سرکاری زمین کے حصول کی کوشش کی جائے۔ نیٹکو بورڈ نے ERP اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پلان بھی منظور کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587537