چیف شماریات کمشنر آصف باجوہ کا پریس کانفرنس سے خطاب

89
نوشہرہ ، قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کے ماہر امراض قلب نے سٹینوز والو کی شکایت کے ساتھ کامیاب کارڈیو آپریشن کردیا

اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) چیف شماریات کمشنر آصف باجوہ نے کہا ہے کہ چھٹی قومی مردم و خانہ شماری کو قابل اعتماد بنانے کے لئے اعلیٰ اختیاراتی گورننگ کونسل شماریاتی ڈیٹا کو مرتب کرنے کے عمل کی نگرانی کر رہی ہے۔ پیر کو یہاں پاکستان بیورو برائے شماریات کے سینئر حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوالیفائیڈ اور پروفیشنل ڈیمو گرافرز گورننگ کونسل کی ٹیم کے ارکان ہیں۔ صوبوں سے ڈیٹا کو مرتب کرنے کے عمل کی انسپیکشن کے لئے ٹیمیں بھیجنے کی درخواست کی گئی ہے اور اب تک تین صوبوں بشمول پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کی ٹیکنیکل ٹیموں نے پاکستان بیورو برائے شماریات کا دورہ کیا ہے جبکہ بلوچستان سے اب تک کوئی نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ٹیکنیکل ٹیم نے بیورو کا دوسرا دورہ بھی کیا ہے اور ڈیٹا مرتب کرنے کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ آصف باجوہ نے کہا کہ فیلڈ ورک کے دوران بھی پانچ بین الاقوامی ٹیموں نے مختلف علاقوں کے دورے کئے اور مردم و خانہ شماری کے عمل کا جائزہ لیا۔ بین الاقوامی ٹیموں نے تمام عمل پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مردم شماری کے عمل پر کسی قسم کے تحفظات نہیں ہیں تاہم سندھ کے کچھ اعتراضات ہیں جنہیں دور کیا جائے گا۔ چیف شماریات کمشنر نے کہا کہ مردم شماری کے عبوری اور حتمی نتائج کے درمیان تھوڑا بہت فرق آ سکتا ہے جو کہ معمول کی بات ہے۔