لاہور۔1اپریل (اے پی پی):پنجاب میں بچوں کی ہارٹ سرجری کے حوالے سے ایک منفرد اور تاریخ ساز سنگ میل عبور کر لیا گیا۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پہلے اور جامع "چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام” کے تحت صرف چھ ماہ میں 3,162 بچوں کی کامیاب ہارٹ سرجری اور اینٹروینشن کی جا چکی ہے، جبکہ ملک بھر سے 7,436 مریض بچوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیرِاعلی کی ہدایت پر ہر ماہ غیر ملکی چلڈرن ہارٹ سرجنز کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔
برطانوی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم فیصل آباد کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ میں بچوں کی ہارٹ سرجری کے لیے پہنچ چکی ہے۔پنجاب کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں خیبرپختونخوا کے 316، سندھ کے 51، بلوچستان کے 11، آزاد کشمیر کے 158 اور گلگت بلتستان کے 30 بچوں کی مفت ہارٹ سرجری ہوگی۔چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت اب تک سرکاری ہسپتالوں میں 2,419 جبکہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں 743 آپریشن کیے جا چکے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت تمام تر اخراجات حکومت پنجاب برداشت کر رہی ہے، تاکہ کسی بھی بچے کا علاج محض مالی مشکلات کی وجہ سے نہ رک سکے۔
چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے اجرا سے قبل ہر سال سینکڑوں بچے وسائل کی کمی اور لمبی ویٹنگ لسٹ کی وجہ سے زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے تھے۔ والدین بے بسی کے عالم میں اپنے بچوں کو تکلیف میں دیکھنے پر مجبور تھے، لیکن اب حکومت پنجاب کے اس انقلابی قدم کے باعث بچوں کا علاج ممکن حد تک جلد اور مفت کیا جا رہا ہے۔وزیرِاعلی نے کہا کہ ننھے بچوں کی تکلیف برداشت نہیں ہوتی، ہارٹ سرجری کے اخراجات حکومت دے گی۔ حکومت کے وسائل پر پہلا حق بچوں کا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577789