اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) پری گل ترین نے چارج سنبھالنے کے فوراً بعد ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی دارالحکومت کے بڑے تجارتی مراکز کا رات گئے اچانک دورہ کیا۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس حکام کے مطابق انہوں نے معائنہ کے دوران تاجروں اور شہریوں سے گفتگو کی ، ٹریفک کی روانی سے متعلق ان کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو بلا تاخیر مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔
سی ٹی او نے ٹریفک اہلکاروں کو ہدایت کی کہ ہر طرح کے حالات میں گاڑیوں کی بلا تعطل نقل و حرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آتے ہوئے منظم طریقے سے ٹریفک کو کنٹرول کیا جائے۔انہوں نے بازاروں میں موٹرسائیکل اور گاڑیوں کی مناسب پارکنگ لائنوں کی ضرورت پر زور دیا اور ڈبل اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا۔
سی ٹی او پری گل نے کہا کہ افسران پرہجوم علاقوں میں ثابت قدم رہیں اور چوکسی کے ساتھ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کریں جبکہ خریدار بھی ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔انہوں نے متنبہ کیا کہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق قانونی کارروائی کی جائے گی۔سی ٹی او نے شہریوں سے مزید اپیل کی کہ مرکزی شاہراہوں پر گاڑیاں کھڑی نہ کریں، پارکنگ کے لیے مختص جگہ استعمال کریں اور ٹریفک کے بہتر انتظام کے لیے ٹریفک وارڈنز کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔