پشاور۔ 06 جون (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان کی زیر صدارت ٹریفک ہیڈکوارٹرز گلبہار میں اجلاس منعقد ہو ا جس میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے عید الاضحیٰ کےلئے ٹریفک پلان جاری کردیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک پلان کے تحت ایک ہزار سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔عید الاضحیٰ کے موقع پر 4 ایس پیز اور 12 ڈی ایس پیز ڈیوٹی انجام دیں گے ، شہریوں کو سفری سہولیات کی فراہمی کےلئے افسران و اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
ٹریفک افسران و اہلکار رنگ روڈ اور مویشی منڈیوں سمیت دیگر علاقوں میں لگنے والی منڈیوں کو جانے والی سڑکوں کو کلیئر رکھیں،کسی کو غیر قانونی مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت نہیں دیں گے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ڈیوٹی میں غفلت برتنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں عید الاضحیٰ کے موقع پر اوور سپیڈنگ اور ون ویلنگ کرنے والوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔