چیلنجرز نے بلاسٹرز کو ہرا کر پاکستان کپ ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ جیت لیا

91

کراچی۔21ستمبر (اے پی پی):چیلنجرز نے بلاسٹرز کو 68 رنز سے شکست دے کر پاکستان کپ ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ جیت لیا ہے،ایونٹ کے فائنل میں 211 رنز کے تعاقب میں بلاسٹرز کی پوری ٹیم 142 رنز پر ہمت ہارگئی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے پاکستان کپ ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کے فائنل میں منگل کوچیلنجرز نے بلاسٹرز کو 68 رنز سے شکست دے کر پاکستان کپ ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ جیت لیا ہے، چیلنجرز کی کپتان جویریہ خان کو 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی فائنل کا ایوارڈ دیا گیا۔211 رنز کے تعاقب میں بلاسٹرز کی صرف تین بیٹرز ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکیں۔عمیمہ سہیل 38، گل فیروزہ 34 اور سدرہ نواز 30 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں۔

دعا ماجد نے 29 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آٹ کیا. انوشہ ناصر، صبا نذیر اور ڈیانا بیگ نے دو ،د وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل چیلنجرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے۔کپتان جویریہ خان چھ چوکوں کی بدولت 87 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں۔اوپنر فریحہ محمود نے 34 اور ڈیانا بیگ نے 25 رنز بنائے۔صائمہ ملک نے 24 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ندا ڈار، سیدہ عروب شاہ اور فاطمہ ثنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کپ ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کی فاتح چیلنجرز کی ٹیم کو ٹورنامنٹ کی چمچماتی ٹرافی سمیت دس لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔رنرزاپ ٹیم بلاسٹرز کو پانچ لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔بلاسٹرز کی ندا ڈار اور ڈائنامائٹس کی عالیہ ریاض کو ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت مشترکہ طور پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ چیلنجرز کی انوشہ ناصر کو ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کی شیلڈ دی گئی۔