سیالکوٹ۔20جنوری (اے پی پی):سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے تحت سرکاری سکولوں میں میٹرک کے طلبا و طالبات کو مفت ٹیوشن پڑھائی جائے گی۔ تقریب کا اہتمام سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ڈیپارٹمنٹل کمیٹی برائے ایجوکیشن کے چیئرمین ڈاکٹر خرم انور خواجہ کی جانب سے کیا گیا ۔
اس موقع پر صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن سیالکوٹ اقبال جاوید، وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی، پرنسپل مرے کالج ڈاکٹر محمد نواز، پرنسپل گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج پروفیسر ڈاکٹر مجاہد حسین بخاری، جنرل مینجر الخدمت فائونڈیشن شاہد نوید اور کنوینئر سوشل ویلفیئر کونسل سیالکوٹ شاہد نصیر سمیت دیگر تمام شرکاء کو چیمبر آمد پر خوش آمدید کہا ۔
انہوں نے بتایا کہ اس اہم تقریب کا اہتمام ضلع بھر کے گورنمنٹ سکولز میں 9th اور10thکلاسوں میں زیر تعلیم ایسے طلباء جو سائنس، انگریزی اور ریاضی کے مضامین میں کمزور ہیں اور ان کے والدین مہنگی اکیڈمیوں میں ٹیویشن نہیں پڑھا سکتے ،
ایسے طلباء کو سکول ٹائم کے بعد مفت ٹیوشن فراہم کی جا سکے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے چیمبر آف کامرس، جی سی ویمن یونیورسٹی ، سی ای او ایجوکیشن اور سوشل ویلفیئر کونسل کے باہمی تعاون سے ایک "فری ٹیوشن پروگرام” شروع کر رکھا ہے جو پہلے گرمیوں کی سالانہ تعطیلات تک محدود تھا اسے بڑھا کر اب پورے سال کے لیے کیا جا رہا ہے اور اس پروگرام میں گورنمنٹ مرے کالج، گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج اور الخدمت فائونڈیشن سیالکوٹ بھی شامل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کو خوش اسلوبی کے ساتھ چلانے کے لیے درکار ضروری فنڈز سیالکوٹ چیمبر، الخدمت فائونڈیشن اور سوشل ویلفیئر کونسل ملکر فراہم کریں گے اور درکار والنٹیر فکیلٹی جی سی یونیورسٹی، مرے کالج اور جناح اسلامیہ کالج مہیا کریں گے جبکہ سی ای او ایجوکیشن سیالکوٹ کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں سیالکوٹ چیمبر کی ڈیپارٹمنٹل کمیٹی برائے ایجوکیشن کے چیئرمین ڈاکٹر خرم انور خواجہ کو بطور چیئرمین فروغ تعلیم کے لیے گرانقدر خدمات کی انجام دہی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔
اس کے علاوہ میں مفت ٹیوشن پروگرام کے تمام سٹیک ہولڈرز کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پلیٹ فارم سے فروغ تعلیم کے لیے کی جانے والی کاوشوں میں اپنا کردار ادا کرنے کا عندیہ دیا ہے۔