برمنگھم۔7جولائی (اے پی پی):چیمپئنز آف لیجنڈز ٹورنامنٹ میں پاکستان چیمپئنز نے بھارت چیمپئنز کو بآسانی 68 رنز سے شکست دے کر مسلسل تیسری فتح سمیٹ لی ۔ گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 243 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ شرجیل خان ، کامران اکمل اور صہیب مقصود نے نصف سنچریاں اسکور کیں ۔ بھارت چیمپئنز 244 رنز کے تعاقب میں 175 رنز بنا سکی ۔
وہاب ریاض اور شعیب ملک نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں ، شرجیل خان کو مرد میدان قرار دیا گیا ۔ برمنگھم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے آٹھویں میچ میں پاکستان چیمپئنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنائے۔ شرجیل خان اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور 145 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ شرجیل خان نے 30 گیندوں پر 5 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے ، کامران اکمل نے 40 گیندوں پر 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ۔
صہیب مقصود 26 گیندوں پر 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شعیب ملک 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 244 رنز کے تعاقب میں بھارت چیمپئنز کی ٹیم 9 وکٹ پر 175 رنز بنا سکی اور اسے 68 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ سریش رائنا 52 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ امباتی رائیڈو نے 39 اور روبن اوتھاپا نے 22 رنز بنائے ، پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور شعیب ملک نے تین ، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سہیل خان اور سہیل تنویر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔