چیمپئنز ٹی 20 کپ میں نورپور لائنز نے اے بی ایل سٹالینز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے ہرا دیا

164
اے بی ایل سٹالینز اور یو ایم ٹی مارخورز کے درمیان چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024 کا فائنل ( بدھ کو ) کھیلا جائے گا

راولپنڈی۔17دسمبر (اے پی پی):چیمپئنز ٹی 20 کپ میں نورپور لائنز نے اے بی ایل اسٹالینز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے ہرا دیا ، لائنز نے 169 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، حسن نواز نے 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور مرد میدان قرار پائے ،

منگل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 14ویں میچ میں نورپور لائنز کے کپتان امام الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا ، اے بی ایل اسٹالینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے ، حسین طلعت 43 ، معاذ صداقت 34 ، شعیب ملک 22 ، شامل حسین 18 اور عبید شاہ 17 رنز بنا کر نمایاں رہے

، لائنز کی طرف سے موسیٰ خان نے تین جبکہ خوشدل شاہ اور شاہد عزیز نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ، جواب میں نورپور لائنز نے مطلوبہ ہدف حسن نواز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 19 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، حسن نواز نے 54 گیندوں پر 74 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے ،

دیگر بیٹرز میں روحیل نذیر 26 اور محمد طحہٰ 21 رنز بنا کر نمایاں رہے ، شعیب ملک نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، حسن نواز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ، واضح رہے کہ نورپور لائنز کی یہ چھ میچ کھیل کر تیسری کامیابی ہے۔